بھٹکل 14 جون (ایس او نیوز) بھٹکل اولڈ بس اسٹائنڈ کے قریب مچھلی اور ترکاری مارکٹ کے باہر ایک پاگل کتے نے پانچ لوگوں پر حملہ کرتے ہوئے اُنہیں کاٹ کر زخمی کردیا، اس سے پہلے کہ کتا مزید لوگوں پر حملہ آور ہوتا، میونسپل حکام نے فوری کاروائی کرتے ہوئے کتے پر قابو پالیا۔ واردات منگل صبح قریب ساڑھے چھ بجے پیش آئی۔
بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے سابق جنرل سکریٹری نصیف خلیفہ، جنہوں نے چار زخمیوں کو فوری طور پر سرکاری اسپتال پہنچایا تھا ، نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ لوگ صبح مارکٹ میں مچھلی اور ترکاری وغیرہ خریدنے کے لئے آئے تھے جس کے دوران اچانک ایک کتا لوگوں پر جھپٹ پڑا ، نصیف نے بتایا کہ کتے نے ایک خاتون کو بھی کاٹا ہے، مگر وہ انجکشن لینے سرکاری اسپتال نہیں پہنچی۔ دیگر چار زخمیوں کی شناخت بھٹکل کریکل کے رہنے والے مادیوا موگیر (65)، صدیق اسٹریٹ کے محمد یاسین (42)، حنیف آباد کے مولوی ابوالحسن ندوی (21) اور مولوی اسماعیل ندوی (29) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
تمام زخمیوں کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری انجکشن دئے گئے ہیں ۔
بتایا گیا ہے کہ پانچ لوگوں پر حملہ کرنے کے بعد میونسپل حکام نے کتے پر قابو پالیا اور اسے پکڑ کر اپنے ساتھ لے گئے۔
